کوٹلی میں موبائل انٹرنیٹ کی مسلسل بندش، عوام شدید مشکلات کا شکار، حکومتی اعلانات کے باوجود سروس بحال نہ ہو سکی
27/10/2026کوٹلی میں موبائل انٹرنیٹ کی مسلسل بندش، عوام شدید مشکلات کا شکار، حکومتی اعلانات کے باوجود سروس بحال نہ ہو سکی طلبہ کی تعلیم، فری لانسرز کا روزگار اور آن لائن کاروباری سرگرمیاں متاثر، شہریوں کا فوری بحالی کا مطالبہ کوٹلی (آواز نیوز): آزاد جموں و کشمیر کے ضلع کوٹلی میں موبائل انٹرنیٹ سروس کی مسلسل بندش نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ ڈیجیٹل رابطوں کی عدم دستیابی کے باعث طلبہ، فری لانسرز، آن لائن کاروبار سے وابستہ افراد اور عام صارفین کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ موبائل انٹرنیٹ کی عدم بحالی سے نہ صرف تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں بلکہ آن لائن روزگار کے مواقع بھی محدود ہو گئے ہیں۔ بالخصوص فری لانسنگ اور ڈیجیٹل خدمات سے وابستہ نوجوانوں کو اپنے پیشہ ورانہ امور کی انجام دہی میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ شہریوں کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر اور حکومتی وزراء کی جانب سے انٹرنیٹ سروس کی بحالی سے متعلق اعلانات اور یقین دہانیوں کے باوجود ضلع کوٹلی میں موبائل انٹرنیٹ سروس تاحال بحال نہیں ہو سکی، جس سے عوام میں بے چینی اور مایوسی بڑھ رہی ہے۔ عوامی حلقوں نے حکومت آزاد کشمیر اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ موبائل انٹرنیٹ کی بحالی کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ موجودہ ڈیجیٹل دور میں انٹرنیٹ تعلیم، روزگار، کاروبار اور روزمرہ رابطوں کی ایک بنیادی ضرورت بن چکا ہے۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سروس کی بحالی کے حوالے سے واضح ٹائم لائن جاری کی جائے تاکہ عوام میں پائی جانے والی غیر یقینی صورتحال ختم ہو سکے۔ عوام کا سوال ہے کہ آخر کب تک ضلع کوٹلی کے شہری بنیادی ڈیجیٹل سہولت سے محروم رہیں گے، اور حکومتی اعلانات عملی اقدامات میں کب تبدیل ہوں گے؟ رپورٹ: آواز نیوز | AWAZ WITH AMER KHAN
