پتلو کی شادی میں موٹر سائیکل جیتنے گیا بھمبر کا نوجوان اپنی بائیک سے بھی محروم
1/11/2026AWAZ WITH AMER KHAN | دلچسپ و عجیب ### پتلو کی شادی میں موٹر سائیکل جیتنے گیا بھمبر کا نوجوان اپنی بائیک سے بھی محروم، واپسی پر گھر سے لائٹ اٹھانے کا دعویٰ بھمبر (آواز نیوز): معروف ٹک ٹاکر انصر محمود عرف مسٹر پتلو کی شادی کی تقریب میں انعامی موٹر سائیکل جیتنے کی امید لے کر جانے والا آزاد کشمیر کے ضلع بھمبر سے تعلق رکھنے والا نوجوان مبینہ طور پر اپنی موٹر سائیکل سے بھی محروم ہو گیا۔ نوجوان کی ایک دلچسپ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں اس نے اپنی روداد بیان کی ہے۔ وائرل ویڈیو میں نوجوان نے دعویٰ کیا کہ وہ موٹر سائیکل جیتنے کی امید پر شادی کی تقریب میں شریک ہوا تھا، تاہم انعام ملنا تو دور کی بات، واپسی پر اس کی اپنی موٹر سائیکل بھی اس کے پاس نہیں رہی۔ نوجوان نے ویڈیو میں مزید دعویٰ کیا کہ اس نے واپسی پر مسٹر پتلو کے گھر سے ایک لائٹ اٹھائی ہے، جسے فروخت کر کے وہ اپنے گھر واپس جانے کے لیے کرایے کا بندوبست کرے گا۔ تاہم نوجوان کے ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔ واضح رہے کہ ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کی شادی کی تقریبات میں موٹر سائیکلوں، گاڑی اور دیگر قیمتی انعامات کی تشہیر کے بعد بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے تھے۔ تقریب کے دوران بھگدڑ کا افسوسناک واقعہ بھی پیش آیا، جس میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات اور قانونی کارروائی شروع کر رکھی ہے۔ دوسری جانب بھمبر کے نوجوان کی وائرل ویڈیو سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے، جبکہ شادی میں انعامات جیتنے کی امید پر پہنچنے والے افراد کے ساتھ پیش آنے والے واقعات پر بھی بحث جاری ہے۔
