ڈڈیال: مزدوری کی اجرت مانگنے پر مبینہ تشدد، نوجوان جاں بحق، قتل کا مقدمہ درج، دو ملزمان گرفتار
28/10/2026ڈڈیال: مزدوری کی اجرت مانگنے پر مبینہ تشدد، نوجوان جاں بحق، قتل کا مقدمہ درج، دو ملزمان گرفتار ڈڈیال (آواز نیوز): آزاد کشمیر کے علاقے ڈڈیال میں مزدوری کی اجرت کے تنازع پر مبینہ طور پر ہتھوڑے کے وار سے زخمی ہونے والا نوجوان دم توڑ گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کرکے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈڈیال کے نواحی علاقے میرا چھپراں کے رہائشی نوجوان افتخار ولد سلیم نے مبینہ طور پر کامران وغیرہ کے ہاں مزدوری کی تھی۔ کام مکمل کرنے کے بعد جب افتخار نے اپنی محنت کی اجرت کا تقاضا کیا تو مبینہ طور پر کامران ولد زمان ملک نے رقم ادا کرنے سے انکار کر دیا۔ اجرت کی ادائیگی کے معاملے پر دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، جس کے دوران الزام ہے کہ کامران نے قریب پڑا ہتھوڑا اٹھا کر افتخار کے سر پر وار کر دیا، جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔ زخمی نوجوان کو فوری طور پر سرکاری ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ ڈڈیال میں واقعے کا مقدمہ دفعہ 302 کے تحت درج کر لیا گیا ہے، جبکہ دو ملزمان کو گرفتار کیے جانے کی اطلاع ہے۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔ رپورٹ: AWAZ NEWS | Awaz With Amer Khan
