گورنمنٹ ڈگری کالج کے طلبہ اپنے حقوق کے لیے سڑکوں پر، چوک شہیداں میں احتجاجی پڑاؤ، شدید نعرے بازی
27/10/2026گورنمنٹ ڈگری کالج کے طلبہ اپنے حقوق کے لیے سڑکوں پر، چوک شہیداں میں احتجاجی پڑاؤ، شدید نعرے بازی اساتذہ کی کمی، ٹرانسپورٹ، صاف پانی، واش رومز اور دیگر بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی پر طلبہ کا احتجاج، مطالبات فوری منظور کرنے کا مطالبہ میرپور (آواز نیوز): گورنمنٹ ڈگری کالج کے طلبہ اپنے تعلیمی حقوق اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے سڑکوں پر نکل آئے۔ طلبہ نے چوک شہیداں میں احتجاجی پڑاؤ ڈالتے ہوئے اپنے مطالبات کے حق میں شدید نعرے بازی کی اور متعلقہ حکام سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔ احتجاج کرنے والے طلبہ نے اپنے تحریری مطالبات میں کالج کے متعدد تعلیمی، انتظامی اور بنیادی سہولیات سے متعلق مسائل کی نشاندہی کی ہے۔ طلبہ کے مطابق کالج میں اساتذہ کی کمی، خالی آسامیوں پر تقرریوں میں تاخیر، ٹرانسپورٹ کی ناکافی سہولیات، صاف پینے کے پانی کی عدم دستیابی، واش رومز کی صفائی و مرمت اور دیگر انتظامی مسائل تعلیمی سرگرمیوں کو متاثر کر رہے ہیں۔ طلبہ نے کالج کی بس سروس بہتر بنانے، کینٹین، پارکنگ اور صفائی کے انتظامات کو مؤثر بنانے سمیت تعلیمی ماحول میں بہتری لانے کا بھی مطالبہ کیا۔ تحریری مطالبات میں بعض انتظامی معاملات، طلبہ کے ساتھ مبینہ نامناسب رویوں اور مالی امور میں شفافیت سے متعلق تحفظات بھی سامنے آئے ہیں۔ احتجاجی طلبہ نے محکمہ ہائر ایجوکیشن، کالج انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ ان کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں تاکہ وہ کسی رکاوٹ کے بغیر اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔ طلبہ کے مطالبات پر کالج انتظامیہ یا متعلقہ حکام کا باضابطہ مؤقف تاحال سامنے نہیں آیا۔ آواز نیوز — عوام کی آواز، حقائق کے ساتھ 🌐 www.awaznews.live @AwazWithAmerKhan
