میرپور آزاد کشمیر: زائد قیمتوں اور ایکسپائری اشیاء کی فروخت پر انتظامیہ کا کریک ڈاؤن، ٹوٹل پمپ کی اسٹاپ شاپ کو جرمانہ
28/10/2026میرپور آزاد کشمیر: زائد قیمتوں اور ایکسپائری اشیاء کی فروخت پر انتظامیہ کا کریک ڈاؤن، ٹوٹل پمپ کی اسٹاپ شاپ کو جرمانہ میرپور (آواز نیوز): ضلعی انتظامیہ میرپور نے ناجائز منافع خوری اور زائد المیعاد اشیائے خوردونوش کی فروخت کے خلاف کارروائیاں تیز کر دیں۔ ڈپٹی کمشنر میرپور کی ہدایت پر تحصیلدار میرپور چوہدری عمران یوسف نے ٹوٹل پٹرول پمپ پر قائم اسٹاپ شاپ کا اچانک معائنہ کیا، جہاں مقررہ نرخوں سے زائد قیمتوں پر اشیائے خوردونوش کی فروخت اور ایکسپائری اشیاء کی موجودگی پر متعلقہ دکاندار کو جرمانہ عائد کر دیا گیا۔ کارروائی کے دوران زائد المیعاد اشیاء ضبط کر لی گئیں، جبکہ دکاندار کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ تمام اشیائے خوردونوش کی فروخت سرکاری مقررہ نرخوں کے مطابق یقینی بنائی جائے اور صارفین کو معیاری اور محفوظ مصنوعات فراہم کی جائیں۔ اس موقع پر تحصیلدار چوہدری عمران یوسف نے واضح کیا کہ عوام کی صحت اور حقوق کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ آئندہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی یا زائد المیعاد اشیاء کی فروخت پائی گئی تو متعلقہ شاپ کو سیل کر دیا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ میرپور کے مطابق عوام کو ریلیف فراہم کرنا، ناجائز منافع خوری کا خاتمہ اور صارفین کے حقوق کا تحفظ اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اس سلسلے میں بازاروں، دکانوں اور دیگر کاروباری مراکز کی نگرانی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ آواز نیوز | AWAZ WITH AMER KHAN
