آئینی ترمیم کے معاملے پر وزیراعظم کے مؤقف کے ساتھ کھڑے ہیں، فاروق حیدر کی حمایت سے متعلق منسوب بیان جعلی ہے، راجہ ایاز احمد خان
28/10/2026آئینی ترمیم کے معاملے پر وزیراعظم کے مؤقف کے ساتھ کھڑے ہیں، فاروق حیدر کی حمایت سے متعلق منسوب بیان جعلی ہے، راجہ ایاز احمد خان کھوئیرٹہ (آواز نیوز): آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن راجہ ایاز احمد خان نے آئینی ترمیم کے معاملے پر اپنا مؤقف واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئینی ترمیم ایک آئینی معاملہ ہے، جس پر وزیراعظم آزاد کشمیر کا واضح بیان سامنے آ چکا ہے اور وہ وزیراعظم کے مؤقف کے ساتھ کھڑے ہیں۔ راجہ ایاز احمد خان نے آئینی ترمیم کے معاملے پر سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کے مؤقف کی تائید سے متعلق اپنے نام سے منسوب بیان کو جعلی قرار دیتے ہوئے اس کی دوٹوک تردید کی۔ انہوں نے کہا کہ راجہ فاروق حیدر خان کے ساتھ ان کا عزت و احترام کا رشتہ ہے، جو ہمیشہ قائم رہے گا، تاہم آئینی ترمیم کے معاملے پر ان سے منسوب تائیدی بیان درست نہیں اور ان کے حقیقی مؤقف کی ترجمانی نہیں کرتا۔ رکن قانون ساز اسمبلی نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ذاتی سوشل میڈیا آئی ڈی کے علاوہ صرف پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سوشل میڈیا ٹیم ہی ان کی جانب سے کوئی بیان جاری کرنے کی مجاز ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کے نام سے دیگر ذرائع یا غیر متعلقہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے جاری ہونے والے بیانات کو ان کا باضابطہ مؤقف تصور نہ کیا جائے۔
