آزاد کشمیر میں انٹرنیٹ کی بحالی جلد ہوگی، وزیراعظم افتخار گیلانی کی راولاکوٹ میں اہم یقین دہانی
3/11/2026آزاد کشمیر میں انٹرنیٹ کی بحالی جلد ہوگی، وزیراعظم افتخار گیلانی کی راولاکوٹ میں اہم یقین دہانی ایکشن کمیٹی کی کون سی ڈیمانڈ پوری نہیں ہوئی؟ دنیا کو سچ بتایا جائے، انٹرنیٹ کا معاملہ بھی جلد حل ہو جائے گا، وزیراعظم آزاد کشمیر کی وکلاء کے وفد سے گفتگو راولاکوٹ (آواز نیوز): وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر افتخار گیلانی نے اپنے دورۂ پونچھ کے دوران راولاکوٹ میں وکلاء کے ایک وفد سے ملاقات کی، جس میں آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال، عوامی مطالبات اور انٹرنیٹ سروس کی بحالی سمیت اہم امور پر گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر وزیراعظم افتخار گیلانی نے عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات کے حوالے سے اہم سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ "ایکشن کمیٹی کی کون سی ڈیمانڈ ہے جو پوری نہیں ہوئی؟ دنیا کو سچ بتائیں۔" وزیراعظم نے انٹرنیٹ سروس کی بندش کے معاملے پر بھی گفتگو کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ "انٹرنیٹ کا معاملہ بھی جلد حل ہو جائے گا۔" وزیراعظم کے اس بیان کو آزاد کشمیر، بالخصوص ضلع کوٹلی اور پونچھ کے ان علاقوں کے شہریوں کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے جہاں موبائل انٹرنیٹ کی طویل بندش کے باعث طلبہ، کاروباری افراد، فری لانسرز اور عام صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ واضح رہے کہ انٹرنیٹ سروس کی بحالی کے حوالے سے حکومتی سطح پر اس سے قبل بھی متعدد یقین دہانیاں سامنے آ چکی ہیں، تاہم متاثرہ علاقوں کے شہری مکمل بحالی کے منتظر ہیں۔ وزیراعظم کی تازہ یقین دہانی کے بعد اب اہم سوال یہ ہے کہ موبائل انٹرنیٹ کی مکمل بحالی کب تک ممکن ہو سکے گی اور شہریوں کو اس حوالے سے عملی پیش رفت کب دیکھنے کو ملے گی؟ آواز نیوز | AWAZ With Amer Khan www.awaznews.live
