میرپور پولیس کی بڑی کامیابی، منگلا ڈیم سے ملنے والی نوجوان وقاص کی لاش کا معمہ 24 گھنٹوں میں حل، دو سگے بھائی گرفتار
3/11/2026میرپور پولیس کی بڑی کامیابی، منگلا ڈیم سے ملنے والی نوجوان وقاص کی لاش کا معمہ 24 گھنٹوں میں حل، دو سگے بھائی گرفتار ایس ایس پی میرپور خرم اقبال کی پریس کانفرنس میں سنسنی خیز انکشافات، جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کا سراغ، آلۂ قتل اور واردات میں استعمال ہونے والا سامان برآمد، خاندانی تنازع قتل کی وجہ قرار میرپور (آواز ود عامر خان) آزاد کشمیر کے ضلع میرپور میں پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت، جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر تفتیش کا مظاہرہ کرتے ہوئے منگلا ڈیم سے برآمد ہونے والی نوجوان وقاص الطاف کی لاش کا معمہ محض 24 گھنٹوں میں حل کر لیا۔ پولیس نے قتل کے مقدمے میں دو سگے بھائیوں کو گرفتار کر کے واردات میں استعمال ہونے والا سامان بھی برآمد کر لیا ہے۔ ایس ایس پی میرپور خرم اقبال نے اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ نوجوان وقاص الطاف کی گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی گئی تھی، جس کے بعد اس کی لاش منگلا ڈیم سے برآمد ہوئی۔ ابتدائی طور پر یہ ایک انتہائی پیچیدہ اور اندھے قتل کا معاملہ تھا، تاہم میرپور پولیس نے جدید تکنیکی وسائل اور پیشہ ورانہ تفتیش کی مدد سے واردات میں ملوث ملزمان کا سراغ لگا لیا۔ ایس ایس پی کے مطابق ڈی ایس پی سٹی حاجی سکندر اعظم اور ایس ایچ او سٹی فیصل صدیق کی ٹیم نے شب و روز محنت کرتے ہوئے محض 24 گھنٹوں میں کیس کی اہم کڑیاں جوڑیں اور دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پریس کانفرنس کے دوران انکشاف کیا گیا کہ گرفتار ملزمان عیسیٰ اور مہربان آپس میں سگے بھائی ہیں اور نکہ کے رہائشی ہیں۔ پولیس کے مطابق قتل کی بنیادی وجہ خاندانی تنازع سامنے آیا ہے۔ پولیس نے کارروائی کے دوران آلۂ قتل سمیت واردات میں استعمال ہونے والی رسی، تاریں، سیمنٹ کے بلاکس اور دیگر متعلقہ سامان بھی برآمد کر لیا ہے۔ ایس ایس پی خرم اقبال نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے واضح کیا کہ میرپور میں جرائم پیشہ عناصر کے لیے کوئی محفوظ پناہ گاہ نہیں۔ قانون کی گرفت سے بچنا کسی کے لیے ممکن نہیں ہوگا اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقدمے کی تفتیش مکمل کر کے جلد از جلد چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہو اور جرم ثابت ہونے پر انہیں قرار واقعی سزا مل سکے۔
