میرپور میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر انتظامیہ کا کریک ڈاؤن، 7 ریڑھیاں اور سامان ضبط
29/10/2026میرپور میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر انتظامیہ کا کریک ڈاؤن، 7 ریڑھیاں اور سامان ضبط میاں محمد روڈ اور چوک قائداعظم کے قریب کارروائی، مرکزی شاہراہوں اور فٹ پاتھوں پر تجاوزات کے خلاف آپریشن تیز میرپور (آواز نیوز): میرپور شہر میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی اور مرکزی شاہراہوں پر غیر قانونی طور پر ریڑھیاں لگانے والوں کے خلاف ضلعی انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے ڈرائی فروٹ فروخت کرنے والے 7 افراد کی ریڑھیاں اور سامان ضبط کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر میرپور میاں حسام ساجد نے میاں محمد روڈ اور چوک قائداعظم کے قریب مرکزی شاہراہ پر کارروائی کی، جہاں دفعہ 144 کے تحت عائد پابندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ڈرائی فروٹ کی ریڑھیاں لگائی گئی تھیں۔ میرپور شہر کی مرکزی شاہراہوں، سڑکوں کے کناروں اور فٹ پاتھوں کو تجاوزات سے پاک کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گزشتہ کئی روز سے مسلسل کارروائیاں جاری ہیں۔ انتظامیہ کی ان کارروائیوں کا مقصد ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانا، پیدل چلنے والے شہریوں کے لیے راستے کھلے رکھنا اور عوامی مقامات پر غیر قانونی تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنانا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے تاکہ شہر کی اہم شاہراہوں اور فٹ پاتھوں پر دوبارہ تجاوزات قائم نہ ہو سکیں۔ آواز نیوز | میرپور، آزاد جموں و کشمیر
