جنوبی باغ میں قیامت ٹوٹ پڑی! ایک ہی گھر کے 4 افراد جاں بحق، 15 سالہ بچی زخمی
29/10/2026جنوبی باغ میں گھر کے اندر خوفناک دھماکا، خواتین اور بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق، 15 سالہ لڑکی زخمی پندی ٹوپی میں سردار شکدر خان کے گھر شام 7 بجے زور دار دھماکا، گھر کے سربراہ کراچی میں موجود تھے، پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دیں، سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے الزامات بے بنیاد قرار باغ (آواز نیوز) — 29 اکتوبر 2026: آزاد کشمیر کے ضلع باغ کے علاقے جنوبی باغ کے گاؤں پندی ٹوپی میں ایک رہائشی مکان کے اندر ہونے والے خوفناک دھماکے کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت چار افراد جاں بحق جبکہ ایک 15 سالہ لڑکی زخمی ہو گئی۔ افسوسناک واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق جمعرات کی شام تقریباً سات بجے جنوبی باغ کے گاؤں پندی ٹوپی میں سردار شکدر خان کے گھر اچانک زور دار دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں گھر میں موجود چار افراد جان کی بازی ہار گئے۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت حارث عمر، شازیہ، نصیبہ بیگم اور ملائکہ کے ناموں سے ہوئی ہے، جبکہ 15 سالہ انیکا عمر زخمی ہو گئی۔ زخمی لڑکی کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال باغ منتقل کیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق گھر کے سربراہ سردار شکدر خان واقعے کے وقت کراچی میں موجود تھے، جبکہ گھر میں خواتین اور بچے موجود تھے۔ اچانک ہونے والے دھماکے نے ایک ہی گھرانے کو شدید سانحے سے دوچار کر دیا۔ ترجمان پولیس باغ کی جانب سے اہم وضاحت دوسری جانب ترجمان پولیس باغ نے واقعے سے متعلق باضابطہ پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے بتایا کہ 29 اکتوبر 2026 کی شام تقریباً سات بجے گاؤں پندی میں ایک گھر کے اندر دھماکے کی اطلاع موصول ہوئی، جس کے نتیجے میں دو خواتین، ایک لڑکا اور ایک لڑکی جاں بحق جبکہ ایک 15 سالہ لڑکی زخمی ہوئی۔ پولیس ترجمان کے مطابق دھماکے کی نوعیت، وجوہات اور واقعے کے دیگر پہلوؤں کے بارے میں معلومات حاصل کی جا رہی ہیں اور تحقیقات جاری ہیں۔ پریس ریلیز میں سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان اطلاعات کی بھی تردید کی گئی جن میں دھماکے کو عوامی ایکشن کمیٹی کے شرپسند عناصر سے منسوب کیا جا رہا ہے۔ ترجمان پولیس باغ نے ان اطلاعات کو بے بنیاد اور خلافِ حقائق قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ ضلعی پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ پولیس کے مطابق تحقیقات کے ذریعے اصل حقائق سامنے لائے جائیں گے اور واقعے میں کسی کے ملوث ہونے کے شواہد ملنے کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ دھماکے کی اصل نوعیت اور اس کی حتمی وجہ تاحال سامنے نہیں آ سکی۔ پولیس کی تحقیقات مکمل ہونے تک واقعے کو کسی مخصوص گروہ یا تنظیم سے منسوب کرنا قبل از وقت ہوگا۔ جنوبی باغ میں پیش آنے والے اس المناک واقعے نے ایک ہی گھر کے چار افراد کی زندگیاں چھین لیں، جبکہ زخمی بچی زیرِ علاج ہے۔ رپورٹ: آواز نیوز | AWAZ WITH AMER
